ممبئی میں لفٹ میں گیس سے بھرے پارٹی غبارے پھٹنے سے دو افراد جھلس کر زخمی

بھارت کے شہر ممبئی میں ایک رہائشی عمارت کی لفٹ میں گیس سے بھرے پارٹی غبارے پھٹنے کا خوفناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔
یہ حادثہ ممبئی کے علاقے گورے گاؤں ویسٹ میں واقع انمول ٹاور میں پیر کی شب پیش آیا، جب لفٹ میں ایک خاتون داخل ہوئیں اور اس کے بعد ڈیلیوری ورکر غباروں کا بڑا گچھا پلاسٹک بیگ میں لے کر لفٹ میں آیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جیسے ہی ایک اور شخص لفٹ میں داخل ہوا، غباروں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گئی، جس سے لفٹ چند لمحوں کے لیے شعلوں میں گھِر گئی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگ کا گولا پورے لفٹ کیبن میں پھیل گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں 21 سالہ ہمانی تپریا کے دائیں بازو، گردن اور پیٹ پر جلنے کے زخم آئے، جبکہ 32 سالہ ڈیلیوری ورکر راجو کمار مہاتو بھی جھلس گیا۔
Video: Cluster Of Gas-Filled Balloons Explodes In Mumbai Lift, 3 Injured https://t.co/dyycHOoxwo pic.twitter.com/wLQzf7aUhl
— NDTV (@ndtv) February 4, 2026
دونوں زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق ڈیلیوری ورکر دسویں منزل پر سالگرہ کی تقریب کے لیے غبارے پہنچا رہا تھا۔
واقعے کے بعد پولیس نے غبارے فراہم کرنے والے دکاندار کے خلاف انسانی جان کو خطرے میں ڈالنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تحقیقات کے دوران حکام نے خدشہ ظاہر کیا کہ غباروں میں ممکنہ طور پر ہائیڈروجن گیس بھری گئی تھی، جو ہیلیم کے مقابلے میں کہیں زیادہ آتش گیر ہوتی ہے۔ شہریوں اور ڈیلیوری اسٹاف کو ہدایت دی گئی ہے کہ بند جگہوں میں ایسے خطرناک سامان لے جانے سے گریز کریں۔














